Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

حسن علی کی پسلیاں کیسے ٹوٹیں، حیرت انگیز انکشاف

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020 06:47am
فائل فوٹو

سابق بولنگ کوچ اظہر محمود نے انکشاف کیا ہے کہ مینجمنٹ کی غلطی کے سبب حسن علی میدانوں سے دور رہنے پر مجبور ہوئے، ان کی پسلیوں میں فریکچر بولنگ کرتے ہوئے نہیں بلکہ فٹنس ٹریننگ کے دوران زیادہ وزن اٹھانے سے ہوا تھا۔

ایک ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو میں اظہر محمود نے بتایا کہ پیسر کو 130 سے 140 کلو گرام ڈیڈ لفٹ کی مشق کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں ویٹ لفٹنگ کو غلط نہیں سمجھتا لیکن وزن آہستہ آہستہ بڑھانا چاہیے، یہ نہیں کہ عام طور پر 100 کلوگرام وزن اٹھانے والے کو ایک دم 140 کے امتحان میں ڈال دیا جائے۔

یاد رہے کہ انجریز کا شکار ہونے کہ وجہ سے حسن علی سری لنکا سے سیریز کے لیے دستیاب نہیں تھے تاہم پی ایس ایل میں اچھی فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اظہر محمود نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم ابتدا میں وکٹیں حاصل کرتی، درمیانی اوورز میں حسن علی اور شاداب خان زیادہ مشکلات پیدا کردیتے، دونوں نے پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، اس کے بعد دونوں بولرز سے بلند توقعات وابستہ کرلی گئیں۔

اظہر محمود نے کہا کہ کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، حسن علی نے وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن کارکردگی کا گراف نیچے گیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں مینجمنٹ کو کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے، فلاں پلیئر کا کیریئر ختم ہوگیا اس طرح کی باتیں کرنا درست نہیں۔ میرے خیال میں حسن علی، شاداب خان اور فہیم اشرف پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔